Bhed Aur Bhediya By Nauman Khalid

I

intelligent086

Guest
بھیڑ اور بھیڑیا ۔۔۔۔ نعمان خان

bhed-aur-bhediya-jpg.jpg

بھیڑیا اپنے گھر میں بیٹھا آرام کر رہا تھا جب اسے باہر سے اونچی ،اونچی آوازیں آئیں۔پہلے تو وہ آنکھیں موندے لیٹا رہا لیکن جب شور مسلسل بڑھنے لگا تو اس نے سوچا باہر نکل کر دیکھناتو چاہیے کہ آخر ہو کیا رہا ہے۔گھر سے باہر جا کر دیکھا تو سامنے 2 بھیڑیں کھڑی آپس میں لڑ رہی تھیں۔یہ دونوں ہٹی کٹی بھیڑیں بہنیں تھیں اور بھیڑئیے سے تھوڑی ہی دور موجود ایک گھر میں رہتی تھیں۔
ان دونوں میں بے حد پیار بھی تھا لیکن لڑائی بھی بہت ہوتی تھی۔آج ان کی تکرار کا سبب خود کو ایک دوسرے سے زیادہ طاقتور منوانا تھا۔دونوں کی آپس میں بحث جاری تھی کہ مجھ میں تم سے کہیں زیادہ جان ہے ،جبکہ دوسری کا کہنا تھا کہ دن بھر گھر کے تمام کام میں ہی کرتی ہوں ایسی طاقت کا بھلا کیا فائدہ جو دن بھر اونگھتے ہوئے ضائع کر دی جائے اور کسی کام کی نہ ہو۔یہ سُن کر دوسری بھیڑ کو غصہ آ گیا اور اس نے اپنا سر دوسری بھیڑ کے منہ پر دے مارا۔بھیڑ اس حملے کے لیے تیار نہیں تھی اس لیے لڑ کھڑا کر نیچے جا گری لیکن دوسرے ہی لمحے سنبھل کر اُٹھی اور پوری طاقت سے بھاگتی ہوئی آئی۔اس نے بھی اسی انداز میں اپنا سر دوسری بھیڑ کے منہ پر دے مارا،جس کے سبب اس کی ناک سے خون بہنے لگا۔

بھیڑیا ان سے دور کھڑا یہ سارا منظر دیکھ رہا تھا اور خوب لطف اندوز ہو رہا تھا۔لمبے عرصے سے اس کی نظر ان بھیڑوں پر تھی کہ کبھی مجھے موقع ملے تو انہیں اپنی خوراک بنائوں ،لیکن اب تک ناکامی کا سبب یہ تھا کہ ان کے جنگل میں بے شمار دوست تھے ایسے میں بھیڑئیے کو کبھی موقع ہی نہیں ملتا تھا کہ وہ ان پر اکیلے میں حملہ کر پائے۔دوسری بڑی وجہ دونوں بہنوں کی آپس میں محبت تھی۔یہ جب کبھی گھر سے نکلتیں تو ہمیشہ ساتھ ہوتیں،اور دونوں خوب صحت مند بھی تھیں۔اس لیے بھیڑیا چاہتا تھا کہ کسی ایسے وقت میں ان کا شکار کرے جب دونوں میں سے کوئی ایک اکیلی ہو۔

آج کی لڑائی دیکھ کر بھیڑئیے کی آنکھوں میں چمک بڑھتی جا رہی تھی۔وہ سوچ رہا تھاکہ جلد ہی ان دونوں میں سے کوئی ایک شدید زخمی ہو کر نڈھال ہو جائیگی اور تب دوسری اسے یہیں چھوڑ کر چلی جائے گی۔یہ بہترین موقع ہو گا زخمی بھیڑ کو شکار کرنے کا۔اب بھیڑیا گھات لگائے بیٹھا تھا اور دوسری طرف بھیڑیں پاگلوں کی طرح آپس میں لڑ رہی تھیں۔انہوں نے ٹکریں مار،مار کر ایک دوسرے کو زخمی کر دیا لیکن دونوں میں سے کوئی بھی ہار ماننے کو تیار نہیں تھی۔اتفاق سے اس وقت سبھی جانور اپنے گھروں میں آرام کر رہے تھے اور کوئی ان کی صلح صفائی کروانے قریب موجود نہیں تھا۔

جب دونوں میں سے ایک بھیڑ زیادہ زخمی ہو کر نیچے گر گئی تو دوسری اسے غصے سے دیکھتی ہوئی واپس گھر کی جانب پلٹی،اور جاتے ہوئے کہنے لگی اب یقینا تمہیں انداز ہ ہو چکا ہو گا کہ دونوں میں سے زیادہ طاقتور کون ہے؟اتنا کہہ کر ابھی وہ چند قدم ہی دور گئی ہو گی کہ پیچھے سے اسے اپنی بہن بھیڑ کی آواز سنائی دی،ایسا لگتا تھا کہ وہ شدید تکلیف میں ہے۔پہلے تو وہ منہ میں بڑ بڑائی کہ ’’اچھا ہے آج اسے اپنی اوقات سمجھ آ جائے گی‘‘ وہ جانے لگی لیکن جب آوازوں میں تیزی آئی تو اس سے رہا نہ گیا اور سوچا کہ واپس جا کر دیکھنا چاہیے ہو سکتا ہے اس کی بہن زیادہ تکلیف میں ہو۔اب جو واپس جا کر دیکھا تو اس کے اوسان خطا ہونے لگے۔بھیڑیا اس کی زخمی بہن بھیڑ کو دانتوں سے گھسیٹتا ہوا شکار کرنے کی کوشش کر رہا تھا،جبکہ بھیڑ زخمی ہونے کے باوجود خود کو بچانے کی کوشش کر رہی تھی۔

اپنی بہن کی یہ حالت دیکھ کر بھیڑ غصے سے پاگل ہو گئی ۔وہ دور سے دوڑتی ہوئی آئی اور اس نے پوری طاقت سے بھیڑئیے کی کمر میں ایسی زبر دست ٹکر ماری کہ چند لمحوں کیلئے تو وہ سنبھل ہی نہ پایا اور لڑ کھڑا کر گر گیا۔اب جو اس نے پلٹ کر دیکھا تو بھیڑ کو سامنے پا کر غرانے لگا۔تب بھیڑ بولی ’’ہم بہنیں آپس میں چاہے کتنا ہی لڑ لیں ،لیکن جب بھی کوئی ہمارے مخالف کھڑا ہو گا اس کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم ہمیشہ ایک رہیں گی۔‘‘ بھیڑئیے نے غصے میں بھیڑ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو زخمی بھیڑ بھی اُٹھ گئی اور دونوں نے مل کر بھیڑئیے کی ایسی دُھلائی کی کہ وہ دُم دبا کر بھاگ کھڑا ہوا۔

دیکھا بچو !جب تک ہم آپس میں مل جُل کر رہیں گے کوئی دوسرا ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔



 
Top Bottom