Hikayat e Saadi (R.A) , Aqeedat

I

intelligent086

Guest
حکایت سعدیؒ ..... عقیدت

aqeedat-jpg.jpg

بیان کیا جاتا ہے کہ ایک فقیہہ نے اپنے باپ سے کہا، یہ متکلم باتیں تو بہت لچھے دار کرتے ہیں لیکن ان کا عمل ان کے قول کے مطابق نہیں ہوتا۔ دوسروں کو یہ نصیحت کرتے ہیں کہ دنیا سے دل نہیں لگانا چاہیے لیکن خود مال و دولت جمع کرنے کی فکر سے فارغ نہیں ہوتے۔ یہ لوگوں کو تو بھلائی اختیار کرنے کی تاکید کرتے ہیں لیکن اپنی حالت پر کبھی غور نہیں کرتے۔
باپ نے کہا، اے بیٹے! اس خیال کو ذہن سے نکال دے کہ جب تک کوئی عالم با عمل نہیں ملے گا تو کان نہ دھرے گا۔ بھلائی اور نیکی کی بات جہاں سے بھی سنے اسے قبول کر۔ اس نابینا شخص جیسا بن جانا مناسب نہیں جو کیچڑ میں پھنس گیا تھا اور کہہ رہا تھا کہ اے برادران اسلام! جلدی سے میرے لیے ایک چراغ روشن کر دو۔ اس کی یہ بات سنی تو ایک خاتون نے کہا کہ جب تجھے چراغ ہی دکھائی نہیں دیتا تو اس کی روشنی سے کس طرح فائدہ حاصل کرے گا؟ اے بیٹے! واعظ کی محفل بازار کی دکان کی طرح ہے کہ جب تک نقد قیمت ادا نہ کی جائے جنس ہاتھ نہیں آتی۔ اسی طرح عالم کے ساتھ عقیدت شرط اوّل ہے۔ دل میں عقیدت نہ ہو گی تو اس کی بات دل پر اثر نہ کرے گی۔ نصیحت تو دیوار پر بھی لکھی ہوئی ہو تو قابل قبول ہوتی ہے۔
ہر نصیحت بگوش ہوش سنو
دیکھو دیوار پر لکھا کیا ہے
یہ نہ دیکھو کہ کون کہتا ہے
غور اس پر کرو کہا کیا ہے
حضرت سعدیؒ نے اس حکایت میں اصلاح نفس کے لیے یہ زریں گُر بتایا ہے کہ جن لوگوں سے کچھ حاصل کرنا ہوا ان میں عیب تلاش کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے، علم حاصل کرنے کا انحصار تو عقیدت اور ادب پر ہے۔ نصیحت بھی اس وقت تک دل پر اثر نہیں کرتی جب تک سننے والا عقیدت سے نہ سنے۔ اس کے علاوہ یہ بات بھی ہمہ وقت ذہن میں رکھنے کے قابل ہے کہ بے عیب ذات تو صرف اللہ پاک کی ہے۔ عیب ڈھونڈ نے کی نظر سے دیکھا جائے تو اچھے اچھے آدمی میں بھی کوئی خامی نکل آئے گی۔
 
Top