Hikayat e Saadi (R.A) , Naadan

I

intelligent086

Guest

حکایت سعدیؒ ۔۔۔۔۔۔ نادان

nadaan-jpg.jpg

حضرت سعدیؒ بیان کرتے ہیں کہ میرے جاننے والوں میں ایک منشی روز گار نہ ملنے سے بہت پریشان تھا۔ ایک دن وہ میرے پاس آیا اور اپنا حال بیان کرنے کے بعد کہا کہ بادشاہ کے دربار میں آپؒ کی رسائی ہے، کسی عہدیدار سے کہہ کر کوئی کام دلوا دیں۔ اس کی بات سن کر میں نے کہا، بھائی، بادشاہوں کی ملازمت خطرے سے خالی نہیں ہوتی۔ نان ہاتھ آنے کی امید کے ساتھ جان جانے کا امکان بھی ہوتا ہے۔
میں نے یہ نصیحت اس کی بھلائی کے خیال سے کی تھی لیکن اس نے خیال کیا کہ میں اسے ٹالنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ کہنے لگا،یہ بات ٹھیک ہو گی لیکن جو لوگ ایمانداری اور محنت سے اپنا کام کریں انہیں ڈرنے کی کیا ضرورت ہے !آپؒ نے سنا ہو گا کہ میلے کپڑے ہی کو دھوبی پٹرے پر مارتا ہے۔
میں نے اسے پھر سمجھایا کہ تو ٹھیک کہتے ہو سانچ کو آنچ نہیں، بہت مشہور بات ہے لیکن بادشاہوں اور حاکموں کے بارے میں لومڑی کی سی احتیاط برتنی چاہیے جو گرتی پڑتی بھاگتی چلی جاتی تھی۔کسی نے پوچھا کہ خالہ لومڑی کیا مصیبت پڑی ہے جو یوں بھاگی چلی جا رہی ہو؟ لومڑی بولی، میں نے سنا ہے بادشاہ کے سپاہی اونٹ بیگار میں پکڑ رہے ہیں۔ اس نے ہنس کر کہا عجب بے وقوف ہے ! اگر اونٹ پکڑے جا رہے ہیں تو تجھے کیا ڈر؟ تم تو لومڑی ہے۔ لومڑی نے جواب دیا، تیری بات ٹھیک ہے لیکن اگر کسی دشمن نے کہہ دیا کہ یہ اونٹ کا بچہ ہے، اسے بھی پکڑ لو تو میں کیا کروں گی؟ جب تک یہ تحقیق ہو گی کہ میں لومڑی ہوں یا اونٹ کا بچہ، میرا کام تمام ہو چکا ہو گا، مثل مشہور ہے کہ جب تک عراق سے تریاق آئے گا، وہ بیمار چل بسا ہو گا جس کے لیے تریاق منگوایا گیا ہو گا۔
میر ی بات بالکل درست تھی لیکن وہ اپنے خیال پر قائم رہا اور میں نے اس کی حالت کا اندازہ کر کے اسے بادشاہ کے دربار میں ملازمت دلوا دی۔ شروع شروع تو اسے ایک معمولی ساکام ملا لیکن چونکہ آدمی قابل تھا اس لیے بہت ترقی کر گیا اور عزت و آرام کے ساتھ زندگی گزارنے لگا۔
کچھ دن بعد میں ایک قافلے کے ساتھ حج کے سفر پر روانہ ہو گیا اور جب اس مبارک سفر سے واپس آیا تو وہ شخص کئی منزل چل کر میرے استقبال کے لیے آیا لیکن میں نے دیکھا کہ اس کی حالت سے پریشانی ظاہر ہوتی تھی۔ حالات پوچھے تو اس نے بتایا کہ مجھے اب معلوم ہوا کہ آپؒ نے جو بات کہی تھی وہ بالکل ٹھیک تھی۔ میں نے اپنی قابلیت اور محنت سے ترقی کی تو حسد کرنے والوں کو یہ بات بری لگی اور انھوں نے مجھ پر الزام لگا کر قید کر دیا۔ اب حاجیوں کے قافلے کی خیریت سے لوٹنے کی خوشی میں قیدیوں کو آزاد کیا گیا ہے تو مجھے بھی رہائی نصیب ہوئی ورنہ بادشاہ نے تو یہ تحقیق کرنے کی ضرورت بھی محسوس نہ کی تھی کہ میں گناہ گار ہوں یا بے گناہ۔
میں نے کہا، افسوس ! تو نے میری بات نہ مانی، میں نے تو تجھے پہلے ہی سمجھایا تھا کہ بادشاہ کا قرب سمندر کے سفر کی مانند ہوتا ہے کہ اس سے انسان کو بہت سے فائدے حاصل ہوتے ہیں لیکن ساتھ جان جانے کا اندیشہ بھی ہوتا ہے۔
ہوش مندوں کی نصیحت پر نہیں دھرتا جو کان
آخر اک دن بیڑیاں ہوتی ہیں اس کے پاؤں میں
زہر کا آزار سہنے کی اگر طاقت نہ ہو
مرد ناداں ہے جو آئے بچھوؤں کے گاؤں میں
حضرت سعدیؒ نے اس حکایت میں بھی بادشاہوں کا قرب حاصل کرنے کی جگہ قناعت اور صبر کی زندگی بسرکرنے کا فضل بتایا ہے۔ ان کے اپنے زمانے کے مطلق العنان بادشاہوں کے انداز فکر و عمل کے بارے میں تو کچھ کہنے کی ضرورت ہی نہیں کہ ان کی ہر الٹی سیدھی بات قانون کی حیثیت رکھتی تھی۔ یہ بات آج کل کے صاحب اختیار لوگوں کے بارے میں بھی کہی جا سکتی ہے کہ ان کا قرب خطرے سے خالی نہیں ہوتا۔

Hikayat e Saadi (R.A) , Naadan
 
Top Bottom