Kamyabi ka Shortcut By Muskaan Rumi

I

intelligent086

Guest
کامیابی کا شارٹ کٹ ۔۔۔۔۔ تحریر : مسکان رومی

kamyabi-jpg.jpg

ایک شخص نے چڑیا پکڑنے کے لئے جال بچھایا۔ اتفاق سے ایک چڑیا اس میں پھنس گئی اور شکاری نے اسے پکڑ لیا۔چڑیا نے اس سے کہا۔اے انسان تم نے کئی ہرن، بکرے اور مرغ وغیرہ کھائے ہیں ان چیزوں کے مقابلے میں میری کیا حقیقت ہے۔ ذرا سا گوشت میرے جسم میں ہے اس سے تمہارا کیا بنے گا؟ تمہارا تو پیٹ بھی نہیں بھرے گا لیکن اگر تم مجھے آزاد کردو تو میں تمہیں بڑی ہی کام میں آنے والی نصیحتیں کرونگی جن پر عمل کرنا تمہارے لئے بہت مفید ہوگا۔ ان میں سے ایک نصیحت تو میں ابھی ہی کرونگی جبکہ دوسری اس وقت کرونگی جب تم مجھے چھوڑ دو گے اور میں دیوار پر جا بیٹھوں گی۔ اس کے بعد تیسری اور آخری نصیحت اس وقت کرونگی جب دیوار سے اڑ کر سامنے درخت کی شاخ پر جا بیٹھوں گی۔ اس شخص کے دل میں تجسس پیدا ہوا کہ ناجانے چڑیا کیا فائدہ مند نصیحتیں کرے گی۔ اس نے چڑیا کی بات مانتے ہوئے اس سے پوچھا۔تم مجھے پہلی نصیحت کرو پھر میں تمہیں چھوڑ دونگا۔ چنانچہ چڑیا نے کہاکہ میری پہلی نصیحت تو یہ ہے کہ جو بات کبھی نہیں ہو سکتی اسکا یقین مت کرنا۔ یہ سن کر اس آدمی نے چڑیا کو چھوڑ دیا اور وہ سامنے دیوار پر جا بیٹھی۔ پھر بولی۔میری دوسری نصیحت یہ ہے کہ جو بات ہو جائے اسکا غم نہ کرنا۔ اور پھر کہنے لگی۔ اے بھلے مانس تم نے مجھے چھوڑ کر بہت بڑی غلطی کی کیونکہ میرے پیٹ میں پائوبھر کا انتہائی نایاب پتھر ہے۔ اگر تم مجھے ذبح کرتے اور میرے پیٹ سے اس موتی کو نکال لیتے تو اس کے فروخت کرنے سے تمہیں اس قدر دولت حاصل ہوتی کہ تمہاری آنے والی کئی نسلوں کے لئے کافی ہوتی اور تم بہت بڑے رئیس ہو جاتے۔ اس شخص نے جو یہ بات سنی تو لگا افسوس کرنے اور پچھتایا کہ اس چڑیا کو چھوڑ کر اپنی زندگی کی بہت بڑی غلطی کی۔ اگر اسے نہ چھوڑتا تو میری نسلیں سنور جاتیں۔چڑیا نے جو اسے اس طرح سوچ میں پڑے دیکھا تو اڑ کر درخت کی شاخ پر جا بیٹھی اور بولی۔ اے بھلے مانس ابھی میں نے تمہیں پہلی نصیحت کی جسے تم بھول گئے کہ جو بات نہ ہو سکنے والی ہو اسکا ہر گز یقین نہ کرنا۔ لیکن تم نے میری اس بات کا اعتبار کرلیا کہ میں چھٹانک بھر وزن رکھنے والی چڑیا اپنے پیٹ میں پا ئووزن کا موتی رکھتی ہوں۔ کیا یہ ممکن ہے؟ میں نے تمہیں دوسری نصیحت یہ کی تھی کہ جو بات ہو جائے اسکا غم نہ کرنا۔ مگر تم نے دوسری نصیحت کا بھی کوئی اثر نہ لیا اور غم و افسوس میں مبتلاہو گئے کہ خواہ مخواہ مجھے جانے دیا۔ تمہیں کوئی بھی نصیحت کرنا بالکل بیکار ہے۔تم نے میری پہلی 2نصیحتوں پر کب عمل کیا جو تیسری پر کرو گے۔ تم نصیحت کے قابل نہیں۔یہ کہتے ہوئے چڑیا پھر سے اڑی اور ہوا میں پرواز کر گئی۔ وہ شخص وہیں کھڑا چڑیا کی باتوں پر غور و فکر کرتے ہوئے سوچوں میں کھو گیا وہ لوگ خوش نصیب ہوتے ہیں جنہیں کوئی نصیحت کرنے والا ہو۔ہم اکثر خود کو عقلِ کل سمجھتے ہوئے اپنے مخلص ساتھیوں اور بزرگوں کی نصیحتوں پر کان نہیں دھرتے اور اس میں نقصان ہمارا ہی ہوتا ہے۔یہ نصیحتیں صرف کہنے کی باتیں نہیں ہوتیں کہ کسی نے کہہ لیا ، ہم نے سن لیا بلکہ دانائی اور دوسروں کے تجربات سے حاصل ہونیوالے انمول اثاثے ہیں جو یقیناً ہمارے لئے مشعلِ راہ ثابت ہو سکتے ہیں اگر ہم ان نصیحتوں پر عمل بھی کریں۔یہی وہ لوگ ہیں جو ہمارا قیمتی اثاثہ ہوا کرتے ہیں اپنے اردگرد لوگوں کا ایک بڑا ہجوم کھڑا کرنے سے بہتر ہے چند ہوں لیکن مخلص ہوں۔
نصیحت عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی چھاننے کے ہیں۔ اس لحاظ سے نصیحت اس چھانے ہوئے آٹے کی مانند ہے جس پر عمل کر کے ہم اپنی زندگی کوحسین و جمیل بنا سکتے ہیں۔ بہتر سے بہترین کا سفر ہمیشہ جاری رکھیں۔ یہ آپ کا ذاتی حق ہے اسے دوسروں کومت سونپیں۔ ہم عموماََ ایسے لوگوں کو ناپسند کرتے ہیں جن کی رائے یا مشورہ ہماری سوچ سے مماثلت نا رکھتا ہو۔ اور ہم وہی سننا چاہتے ہیں جو پہلے سے ہمارے دماغ میں ہوتا ہے اور ایسے شخص کو ہی اپنا خیر خواہ سمجھتے ہیں جو ہمارے جذبات میں مزید ابھار پیدا کرتے ہیں۔جبکہ درحقیقت وہ ہمیں نقصان دے رہا ہوتا ہے۔ ہمارے ہاں اکثر ناکامی کی وجہ یہ ہی ہوتی ہے کہ ہم نصیحت کرنیوالوں کو بوجھ سمجھتے ہیں ان کی بات توجہ سے نہیں سنتے۔ نصیحت زندگی کا ایک تجربہ ہوتا ہے ، نصیحت کرنے والوں کی قدر کریں یہ ہی کامیابی کا شارٹ کٹ ہے جو بات وہ اپنی زندگی گزار کے سیکھتے ہیں وہ آپ کو ایک لمحے میں بتانا چاہتے ہیں۔ کامیابی کا شارٹ کٹ
٭: سنیں
٭: غور کریں
٭:سیکھیں
٭: عمل کریں
انشاء اللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی
( ڈاکٹر محمد اعظم رضا تبسم کی کتاب کامیاب زندگی کے راز سے انتخاب)

 
Top Bottom